نواز شریف کی عد لیہ مخالف تقاریر نشر کرنے کیخلاف درخواست پر متعلقہ حکام کو دوبارہ نوٹس
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدلیہ اور اداروں کے خلاف سابق وزیر اعظم نواز شریف کی تقاریر نشر کرنے سے روکنے کی درخواست پر سیکرٹری اطلاعات ، پی بی سی ، پیمرا ، اےپی این ایس کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے دس روز میں جواب طلب کر لیا ہے۔ مزید سماعت 17 اپریل کو ہو گی۔ مقامی وکیل کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق نے کی۔ دوران سماعت درخواست گزار کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور دیگر اہم شخصیات کے بیانات سے اداروں کو نقصان پہنچ رہا ہے ، اعلی عدلیہ ان بیانات کا نوٹس لے ، اعلی عدلیہ اور اداروں کے خلاف بیان نشر ہونے سے چیک اینڈ بیلنس متاثر ہو رہا ہے لہٰذا پیمرا سمیت دیگر اداروں کو اعلی عدلیہ کے خلاف براہ راست نشریات سے روکا جائے۔ اس موقع پر عدالت کو بتایا گیا کہ فریقین کی جانب سے جواب موصول نہیں ہوا۔ اس پر عدالت نے دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے دس روز میں جواب طلب کر لیا۔ درخواست کی مزید سماعت 17 اپریل کو ہو گی۔