فاروق ستار سے ملاقات: احمد رضا قصوری کی متحدہ دھڑوں میں ثالثی کرانے کی پیشکش
کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان مسلم لیگ (جناح) کے چیئرمین احمد رضا قصوری نے ایم کیو ایم پاکستان کے دونوں دھڑوں میں ثالثی کرانے کی پیشکش کر دی ہے یہ پیشکش انہوں نے پیر کو ایم کیو ایم پاکستان کے سر براہ ڈاکٹر فاروق ستار سے ان کی رہائشگاہ پر پی آئی بی میں ملاقات کی۔ بعدازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے احمد رضا قصوری نے کہاکہ ایم کیو ایم اگر ایک عمارت ہے تو اس لڑائی میں یہ عمارت ملبہ بن گئی‘ اب اس ملبے پر سب کی نظریں ہیں خاص طور پر پیپلز پارٹی کی نظریں ہیں اگر یہ پتنگ کٹ گئی تو پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور دیگر اسے لوٹنے کیلئے بھاگیں گے۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ احمد رضا قصوری سے دیرینہ تعلق ہے سیاسی معاملات پر ہمارا موقف ایک ہے ہم پر برا وقت آیا تو بھی یہ بلا جھجک ہم سے ملتے رہے کل دو گروپوں میں یوم تاسیس منایا یہ عمل اچھا نہیں لگا‘سندھ کے شہروں کی سب سے بڑی جماعت کی موجودہ صورتحال پر انہیں تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ احمد رضا قصوری دونوں گروپوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں بہادر آباد کے ساتھیوں سے بات کرنا چاہیں تو میرا اعتماد ان کو حاصل ہے امید ہے کہ احمد رضا قصوری میرے اور خالد مقبول کے بیچ ثالثی کردار ادا کریں گے۔