دہشت گردی کیخلاف لڑائی پوری قوم کی جنگ ہے: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف رائیونڈ دھماکے میں شہید پنجاب پولیس کے سب انسپکٹر محمد اسلم کی رہائش گاہ لکھووال گاؤں گئے۔ وزیراعلیٰ نے شہید محمد اسلم کے والدین، بیوہ، بچوں اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرنے کے بعد شہید محمداسلم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے شہید کے اہل خانہ کو سوا کروڑ روپے کی مالی امداد کا چیک دیا اور اہل خانہ کو مفت گھر دینے اور بیٹوں کو ملازمت دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہید محمد اسلم کے بچوں کی تعلیم کے اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی۔ شہید کے بچے اور بچیاںجتنا بھی پڑھنا چاہیںگے ان کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنا ہماری ذمہ داری ہے جبکہ شہید کے اہل خانہ کو علاج معالجے کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی اوراہل خانہ کو شہید کی تنخواہ باقاعدگی سے ملتی رہے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہید کے ایک بیٹے کو پولیس میں بھرتی کیا جائے گا جبکہ دوسرے بیٹے کو اس کی تعلیمی قابلیت کے مطابق ملازمت دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے شہید محمد اسلم کے والدین، بیوہ اور بچوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے شہداء پوری قوم کے ہیرو اور محسن ہیں اورآپ کے اہل خانہ کی ہرممکن دیکھ بھال ہمارا فرض ہے جو ہم احسن طریقے سے نبھائیں گے۔ شہید محمد اسلم نے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے اور قوم یہ عظیم قربانی کبھی نہیں بھولے گی۔ شہید ہونے والے پولیس اہلکار ہمارا افتخار ہیں اور ہمیں اپنے بچوں کی عظیم قربانیوں پر فخر ہے۔ شہادت جیسے عظیم رتبے کا کوئی مول نہیں اور ہمارا ایمان ہے کہ شہید زندہ ہوتے ہیں اور شہید کی موت قوم کی حیات ہے اورآپ کے پیاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی جنگ ہے۔ قوم اپنے ایک ایک شہید کے خون کے قطرے کا حساب لے گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ لڑیں گے۔ شہباز شریف نے پاکستان فضائیہ کی کمان سنبھالنے پر ائر چیف مارشل مجاہد انور خان، لی کی چیانگ کو دوسری مدت کیلئے چین کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ شہباز شریف منگل کو فاروق آباد میں ماڈل بازار کا افتتاح کریں گے۔
شہباز شریف