چیئرمین نادرا بہاریوں کی نئی نسل کو تباہی سے بچائیں ، ممتاز انصاری
کراچی(اسٹاف رپورٹر) محبان تحریک پاکستان کے چیئرمین ممتاز حسین انصاری جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شکیل نے مشترکہ بیان میں چیئرمین نادرا عثمان مبین یوسف کی جانب سے نادرا دفاتر کے اچانک دورے، کرپشن اور عوامی سہولیات کی فراہمی میںغفلت کے مرتکب افسران کے خلاف کارروائیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے چیئرمین نادرا سے ہمدردانہ اپیل کی ہے کہ سقوط ڈھاکہ کے بعد مشرقی پاکستان سے ہجرت کرنے والے پاکستانی بہاریوں کی حالت زار پر بھی توجہ دیں ۔ عرصہ 15 سال سے نادرا کے ہاتھوں استحصال اور قومی شناختی کارڈ سے محروم بہاریوں کی ایک نسل تعلیم جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہوچکی ہے جب کہ ان پر ملازمتوں کے دروازے بھی بند ہوچکے ہیں ممتاز انصاری نے بتایا کہ ہزاروں کی تعداد میں بہاری عورتوں ، بزرگ اور جوانوں کے شناختی کارڈ بلاک ہیں ان کارڈ کی بحالی کے لئے 1978ء کی دستاویزات طلب کی جارہی ہیں جو ان خاندانوں کے پاس نہیں ہیں لٹے پٹے خاندانوں اور پاکستان کے لئے اپنا سب کچھ قربان کردینے والوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ریلیف دیا جائے اور ان تمام بلاک شناختی کارڈز کو 2002 کی ووٹر لسٹ یا پرانے (مینوئل) شناختی کارڈ کی بنیاد پر بحال کردیا جائے۔ ڈاکٹر شکیل احمد نے بتایا کہ سیٹیزن ایکٹ کے آرٹیکل16-A اس حوالے سے موجود ہے 16-A کے تحت سابق مشرقی پاکستان میں محصور پاکستانی اور کراچی ہجرت کرنے والے پاکستانی بہاریوں کی پاکستان کی شہریت برقرار ہے لہذا آرٹیکل16-A کے تحت پاکستانی بہاریوں کے کارڈز بحال کرکے ان کا مسئلہ ہمیشہ کے لئے حل کردیا جائے۔