اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پانی ذخیرہ کرنے کے مثبت نتائج آنے لگے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ پنجاب حکومت نے لاہور میں پانی کی سطح کم ہونے سے روک دی ہے اور 1980 کے بعد پنجاب حکومت نے پہلی دفعہ پانی کی سطح کم ہونے سے روکی۔
انہوں نے کہا کہ پانی ذخیرہ کرنے کے لیے اہداف پر کام کیا اور بہترین پالیسی اپنائی۔ پالیسی میں ری سائیکلنگ، نئے ایکوا فائر چارجز اور بارش کا پانی ذخیرہ کرنا شامل ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل گرین یورو بانڈ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ آج ہم وہ کر رہے ہیں جو 50 سال پہلے کرنا چاہئے تھا۔ پانی کی قلت ختم کرنے کیلئے 10 ڈیم بنا رہے ہیں۔
خطاب کے دوران گزشتہ ماہ وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ 60ء کی دہائی میں پاکستان میں طویل مدتی پلاننگ جاری تھی۔ جب ہم بڑے ہو رہے تھے تو ایشین ٹائیگرز پاکستان سے پیچھے تھے۔ آج پاکستان میں طویل المدت پلاننگ نہیں ہوتی۔
حال ہی میں پاکستان میں آبی قلت اور پانی کا بحران سنگین صورت اختیار کر گیا۔ ارسا نے کہا کہ تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 8 دن کا رہ گیا ہے۔
گزشتہ ماہ 20 مئی کے روز انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کا ملک بھر میں پانی کی شدید قلت کے متعلق کہنا تھا کہ تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد 59 ہزار جبکہ اخراج 65 ہزار کیوسک ہے۔