کراچی سے پنجاب جانے والی جناح ایکسپریس حیدرآباد ریلوے اسٹیشن کے قریب مال گاڑی سے ٹکرا گئی، 'تین افراد جاں بحق ، متعدد مسافرر زخمی
کراچی سے پنجاب جانے والی جناح ایکسپریس حیدرآباد ریلوے اسٹیشن کے قریب مال گاڑی سے ٹکرا گئی 'تین افراد جاں بحق جبکہ متعدد مسافرر زخمی ہوگئے، حادثے کے نتیجے میں مال کے تین ڈبے اور دو بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں ، ریسکیو ٹمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمی کو نکالا ،'ٹرینوں کی آمد رفت معطل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد ریلوے اسٹیشن کے قریب مکی شاہ کچا قلعہ کے مقام پر کراچی سے پنجاب جانے والی والی جناح ایکسپریس اس ہی ٹریک پر آگئی جس پر مال گاڑی پہلے سے موجود تھی ریلوے اسٹیشن قریب تھا اور مال گاڑی آہستہ تھی جس کو کراچی سے آنے والی جناح ایکسپریس نے ٹکر ماری، حادثے کے بعد جناح ایکسپریس کی دو بوگیاں پٹڑی سے اتر گئی، دھماکے کی آواز سن کر علاقے کے لوگ پہنچ گئے جبکہ فوری طور پر پولیس، رینجرز اور امدادٹیمیں پہنچ گئیں اور پھنسے ہوئے مسافروں کو نکالا تاہم حادثے کے نتیجے میں جناح ایکسپریس کے ڈرائیورمحمد اسلم چانڈیو'اسسٹنٹ ڈرائیوریاسر بشیر اورفائرمین نعمان ہلاک ہوگئے جبکہ عمران علی ولد جانب علی سنکہ کوٹری سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے جنہیں سول اسپتال اور بھٹائی اسپتال پہنچایا گیا ۔حادثے میں جناح ایکسپریس کے انجن کو شدید نقصان پہنچا ۔ایک ریلوے ملازم کا کہنا ہے کہ سنگل آٹومیٹک تھا اور ریلوے اسٹیشن کے قریب گاڑی کی رفتار کم کرنا ڈرائیور کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے اسباب اور ذمہ داروں کے تعین کے لئے تحیقات کررہے ہیں تاہم پہلے ترجیح مسافروں کو نکالنا اور ریلوے ٹریک کی بھا لی ہے ۔حادثے کے بعد پنجاب سے آنے والی ٹرینوں کو حیدرآباد جبکہ کراچی سے آنے والی ٹرینوں کو کوٹری اسٹیشن پر روک لیا گیا ہے ۔