ورلڈ کپ: کین ولیم سن کی سنچری ‘نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی
لندن (سپورٹس رپورٹر) آئی سی سی ورلڈ کپ کے 25 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی۔ جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو 242 رنز کا ہدف دیا جو نیوزی لینڈ نے اڑتالیس اعشاریہ تین اوورز میں 6 وکٹوں پر پوراکیا۔ جنوبی افریقہ کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف 9 رنز پر ڈی کوک 5 رنز بناکر کلین بولڈ ہوگئے۔ ہاشم آملہ اور ڈوپلیسی نے دوسری وکٹ کی شراکت میں سکور 59 تک پہنچایا، ڈوپلیسی کو فرگوسن نے 23 رنز پر کلین بولڈ کردیا۔ ہاشم آملہ55 رنز کی سست رفتار اننگز کھیل کر کلین بولڈ ہوئے۔ مارکرم نے38 جبکہ ڈیوڈ ملر نے 36 رنز کی اننگز کھیلی۔جنوبی افریقا نے مقررہ 49 اوورز میں 6 وکٹوں پر 241 رنز بنائے۔ فرگوسن نے 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ بارش کے باعث دونوں ٹیموں کی اننگز کا ایک، ایک اوور کم کردیا گیا تھا۔ نیوزی لینڈ نے ہدف چھ وکٹوں پرپوراکرلیا ۔ کپتان کین ولیم سن نے ناقابل شکست 106رنز بنائے۔ گرینڈ ہوم نے 60رنز کی اننگز کھیلی۔ کرس مورس نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ کین ولیم سن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ نیوزلینڈ نے فتح کے ساتھ9پوائنٹس کیساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ انگلینڈ آٹھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے ‘آسٹریلیا آٹھ پوائنٹس کیساتھ تیسرے جبکہ بھارت سات پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے ۔ پاکستان تین پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے۔ جنوبی افریقہ کے چھ میچوں میں چھ پوائنٹس ہیں جس کی وجہ سے سیمی فائنل تک رسائی مشکل ہو گئی ہے ۔