اس حکومت میں جمہوری رویے ختم‘ معیشت ڈوب رہی ہے: حمزہ
لاہور (نیوز رپورٹر) حمزہ شہباز نے کہا کہ جمہوری روایات باقی رہنی چاہئیں مگر اس حکومت میں جمہوری رویے ختم ہورہے ہیں، اسمبلی کی روایات کر برقرار رہنا چاہیے، انسان جب سب کچھ خود کو بڑا سمجھنے لگے تو پھر جمہوری رویے ختم ہو جاتے ہیں‘ معیشت سسکیاں لے رہی اور ڈوب رہی ہے۔ لوگ بے روزگار ہو رہے ہیں۔ حکومت ہوش کے ناخن لے، وہ وقت دور نہیں جب قوم ان کا محاسبہ کرے گی۔ حکومت گرفتاریوں میں لگی ہوئی ہے اور صبح و شام جھوٹ بول رہی ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے فیاض الحسن چوہان کے بیان پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ مردہ معیشت میں اللہ تعالی ہی جان ڈال سکتا ہے، حکومت کی ناسمجھی نے ایسی صورتحال پیدا کردی کہ سرمایہ کاری باون فیصد کم ہو گئی ہے۔ پانچ ہزار ارب قرضہ لیا، دو ہزار ارب روپے کی ڈی ویلیویشن پر خرچ کیا وہ کہاں گیا۔ 37 فیصد روپے کی قدر کم ہوئی، شرح آمدن تین فیصد، مہنگائی نو فیصد تک چلی گئی۔ بلٹ پروف گاڑی اور بھینسیں بیچ کر کچھ نہیں کر پائے۔ مسلم لیگ (ن) کے مقابلے میں انتظامی خرچ میں سات سو تیس ارب روپے کا اضافی خرچہ کیا۔ نیازی اس پر کمشن بنائیں۔ وزیراعظم جب خطاب کرتے ہیں سٹاک مارکیٹ دو سو فیصد گراوٹ میں چلی گئی۔ آئی ایم ایف سے معاہدہ نہیں ہوا، پاکستان گرے لسٹ میں ہے۔ عمران شاباش عمر ایوب کو نہیں نواز شریف کو دو جس نے کوئلے اور ایل این جی کے منصوبے لگائے۔ عمران نیازی پیسہ بھاگ گیا، دو سو ارب تو کیا پھوٹی کوڑی لگانے کو کوئی تیار نہیں ہے۔