والدہ وینٹی لیٹر پر ہیں,ایسے میں لوگ ابہام کی باتیں کرکے ان کے خاندان کو دکھ پہنچا رہے ہیں:حسین نواز
سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے کہاکہ ان کی والدہ کلثوم نواز کی حالت نازک ہے، ایسے میں لوگ ابہام کی باتیں کرکے ان کے خاندان کو دکھ پہنچا رہے ہیں۔لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسین نوازنے کہاکہ ان کے والد نواز شریف اور بہن مریم نواز کو احتساب عدالت کی جانب سے 4 دن کا استثنیٰ دیا گیا جبکہ ان کی والدہ وینٹی لیٹر پر ہیں۔حسین نواز نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ ان کی والدہ کی جمہوریت کے لیے کیا خدمات ہیں۔واضح رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کی کئی کیمو تھراپیز ہو چکی ہیں۔رواں ماہ 15 جون کو کلثوم نواز کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں ایک بار پھر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ وینٹی لیٹر پر ہیں۔گذشتہ روز طبی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ سامنے آئی تھی کہ بیگم کلثوم نواز کے اعضائے رئیسہ درست کام کررہے ہیں، وینٹی لیٹر پر جانے کے بعد ایک بار انہوں نے آنکھیں بھی کھولیں جبکہ ڈاکٹرز 24 گھنٹے سابق خاتون اول کی نگہداشت کر رہے ہیں۔دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اہلیہ کلثوم نواز کی صحت سے متعلق انہیں اللہ سے ہی امید ہے۔جبکہ کلثوم نواز کی صاحبزادی مریم نواز نے بھی والدہ کی صحت یابی کے لیے قوم سے دعائوں کی اپیل کی ہے۔