ڈپٹی کمشنر کا دورہ شہباز شریف ڈسٹرکٹ اور سول ہسپتال، مختلف شعبوں کا معائنہ
ملتان (نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر ملتان زاہد سہیل نے کہا ہے کہ صحت کی سہولیات عوام کا حق ہے اور حکومت ایسے اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے کہ ان کی فراہمی میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ گورنمنٹ شہبازشریف ڈسٹرکٹ ہسپتال کو صوبے کا بہترین طبی مرکز بنائیں گے۔ فاطمہ جناح گائنی ہسپتال میں ڈیلوری کیسز کی شرح 100فیصد ہے۔ اس ہسپتال کے تینوں کیمپس میں روزانہ ہزاروں مریض شفایاب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارگزشتہ روز گورنمنٹ شہبازشریف ڈسٹرکٹ ہسپتال اور سول ہسپتال کے دورے کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر زاہد سہیل نے ہسپتال کے مختلف شعبوں اور نئے آپریشن تھیٹرز کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس ہسپتال میں ادویات اور طبی ٹیسٹوں کی مفت سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پیرا میڈیکل سٹاف اور ڈاکٹرز کی کمی کو جلد پورا کیا جائے۔ اس دوران انہوں نے ہسپتالوں میں موجود مریضوں کی عیادت کی اور ان سے اور ان کے لواحقین سے فراہم کردہ سہولیات بارے دریافت کیا۔