جہانیاں: منشیات ،برائی کے اڈے عام،ٹریفک کا نظام درہم برہم،تجاوزات کی بھرمار
جہانیاں(خبر نگار)جہانیاں میں منشیات فروشی اور برائی کے اڈے عام ہیں جس کی وجہ سے نوجوان نسل بڑی تیزی سے تباہی کی طرف جا رہی ہے جبکہ پورے شہر میں کہیں ٹریفک کا کائی نظام نہیں ہے۔محلے گلیوں اور شہر کے بازاروں میں تجاوزات کی بھر مار ہے۔زیادہ تر سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہو رہی ہیں اور اندرون شہر لگنے والے ٹف ٹائل منصوبے کرپشن کی نذر ہو چکے ہیں۔ہسپتال میں عملہ اور ادویات نایاب ہیں جبکہ محکمہ صحت کے افسران کی غفلت سے میڈیکل سٹوروں پر جنسی اور نشہ آور ادویات کی فروخت سرعام کی کی جاتی ہے۔جہانیاں کے تمام سرکاری ادروں میں سیاسی مداخلت کی وجہ سے عام صارفین رْل گئے ہیں۔جائز ناجائز کام کے لیے ایم این اے ،ایم پی اے یا کسی بااثر شخصیت کی سفارش مجبوری بن چکی ہے۔ تھانہ، پاسپورٹ آفس، نادرا،کچہری، واپڈا، ٹی ایم اے، سوئی گیس آفس میں ٹاؤٹوں کے ڈیرے ہیں بغیر رشوت کے کوئی کام نہیں ہو سکتا۔ جہانیاں کے سرکاری اداروں کے افسران سیاسی مہرے بن کر رہ گئے ہیں جبکہ جگہ جگہ غیر قانونی ٹاؤن کے مالکان بھی عوام کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر خانیوال سے جہانیاں شہر کی بگڑتی صورتحال پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔