پاکستان میں تبدیلی عمران نہیں، قرآن کے ذریعے آئے گی: شاہ اویس نورانی
لاہور(خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں تبدیلی عمران نہیں قرآن کے ذریعے آئے گی۔ اسلام و پاکستان سے محبت کرنے والے کتاب کو اپنا نشان سمجھیں اور ووٹ کی طاقت سے اسلام و پاکستان کے مخالفین کی سازشیں خاک میں ملا دیں۔ الیکشن میں اسلام پرستوں کی شاندار کامیابی نوشتہ دیوار ہے۔ نظام حکومت کو اسلام کے سانچے میں ڈھالنے کے لئے ایم ایم اے کے نمائندوں کا پارلیمنٹ میں پہنچنا ضروری ہے۔ ہم پاکستان میں قرآن کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے بیت رضوان میں عید مِلن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ قوم ذاتی مفادات سے بالا تر ہوکر نظریہ کی بنیاد پر ووٹ دینے کی روش اختیار کرے۔ ووٹ کا غلط استعمال گناہ ہے۔ ایم ایم اے کی بڑھتی عوامی مقبولیت سے اسلام مخالف قوتیں خائف ہیں۔ ایم ایم اے کے امیدوار تعلیم یافتہ، باصلاحیت اور دیانتدار ہیں۔ ووٹرز نے میرٹ پر ووٹ دیئے تو ایم ایم اے کے امیدوار جیتیں گے۔