ٹریفک حادثات میں 5 افراد جاں بحق، 9 زخمی
ملتان (خبر نگار خصوصی‘ علاقائی نمائندوں سے) ٹریفک حادثات میں 5 افراد جاں بحق 9 زخمی‘ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔وہاڑی روڑ پر بس نے رکشہ کو ٹکر مار دی۔ جس کے نتیجہ میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 5 ز خمی ہو گئے۔کچا کھوہ سے نامہ نگار کے مطابق چک نمبر 19/9L کا رہائشی ملک جاوید جو حساس ادارے کا ملازم تھا چھٹی پر گھر آیا ہوا تھا کہ موٹر سائیکل پر عبدالحکیم سے کچا کھوہ کی طرف جاتے ہوئے سامنے سے آنے والے موٹر سائیکل سے ٹکرا گیا تصادم کی وجہ سے ملک جاوید اور عارف جاں بحق جبکہ طلحہ شدید زخمی ہوا جیسے نشتر ہسپتال ریفر کر دیا گیا ہے جہاں اس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ جلال پور پیروالہ سے نامہ نگار کے مطابق چک 79 ایم میں دو موٹر سائیکلوں میں تصادم ہو گیا جس کے نتیجہ میں فاروق جاں بحق ہو گیا جبکہ چار افراد غلام یٰسین‘ زاہد اقبال‘ غلام عباس‘ ایوب زخمی ہو گئے۔ شاہ جمال سے نامہ نگارکے مطابق محمد شاہ زمان ہا شمی گزشتہ شام موٹر سائیکل پر سوار اڈا دانڑیں سے واپس اپنے گھر شاہ جمال آ رہے تھے کہ سیم نہر حافظ بھٹہ خشت کے مقام پر سامنے سے آ نے والے تیز رفتار ٹرالر سے ٹکرا کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے ٹرالر ڈرائیور ٹرالر چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا اطلاع ملنے پر پولیس تھانہ شاہ جمال نے ٹرالر قبضہ میں لے لیا۔ ملتان سے خبر نگار خصوصی کے مطابق ہیڈ محمد والا روڈ پر مو ٹر سائیکل ریڑھی سے ٹکرانے کے نتیجہ میں 4 افراد زخمی ہو گئے جن میں سے تین زخمیوں ذیشان ناہید مائی اور فہیم کی حالت تشویشناک بتائی گئی ریسکیو 1122 کی ٹیم نے ابتدائی طبی امداد دے کر شدید زخمیوں کو نشتر ہسپتال منتقل کردیا ہے۔