فیروزوالا:مختلف ٹریفک حادثات میں2 افراد جاںبحق،18 زخمی
فیروزوالا (نامہ نگار) جی ٹی روڈ پر ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت دو افراد ہلاک اور اٹھارہ افراد زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ جی ٹی روڈ پر برساتی نالے کے قریب تیز رفتار ٹرک نے سڑک عبور کرتی خاتون کو روند ڈالا۔ طبی امداد کے لئے ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دم توڑ گئی۔ آہدیاں روڈ پر تیز رفتار موٹرسائیکل بے قابو ہو کر درخت سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں نوجوان عمران ہلاک اور اس کے دو ساتھی زخمی ہو گئے۔ لاہور روڈ پر کیری ڈبہ بے قابو ہو کر الٹ جانے سے چار عورتوں سمیت نو افراد زخمی ہو گئے۔ دیگر حادثات میں چار افراد ذیشان اور اشرف وغیرہ زخمی ہو گئے جن کو طبی امداد کے لئے ہسپتال داخل کروا دیا۔