تاجرو ں کو بطور وزیر تعینات کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے:غضنفر بلور
کراچی(کامرس رپورٹر)فیڈریشن آف پا کستا ن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈ سٹر ی(ایف پی سی سی آئی) کے صدرغضنفر بلورنے کہا ہے کہ کاروباری برادری کے پانچ نمائندوں کو موجودہ حکومت میں وزارت کے عہدے پر فائز کرنا خوش آئند ہے۔حکومت کے اس فیصلے سے کاروباری برادری کے اعتماد میں اضافہ ہو گا جبکہ حکومت اور بزنس کمیونٹی کے مابین فاصلے کم ہونگے جو معیشت کیلئے بہتر ہے۔ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفر بلور، نائب صدور مظہر علی ناصر، عاطف اکرام، کریم عزیز ملک، چوہدری جاوید اقبال، یو بی جی کے رہنمائوں ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک اور ایف پی سی سی آئی کے چئیرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل حسین نے یہاں جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ سردار تنویر الیاس، فیصل مشتاق، فضل الہیٰ، نوید جان بلوچ اور میاں انجم نثار کی بطور وزیر تعیناتی خوش آئند ہے اور امید ظاہر کی کہ وہ عوام کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفر بلور نے کہا کہ تجارت سے سیاست میں قدم رکھنے والے انسانی وسائل کو کام میں لانے کا ہنر جانتے ہیں جبکہ انھیں معیشت اور کاروباری حالات بہتر بنانے اور انسانی وسائل کو کام میں لانے کا تجربہ ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں اقتصادی قوت بننے کے تمام لوازمات موجود ہیں مگر ایسی لیڈر شپ کی ضرورت ہے جو معیشت کی سمت درست کر کے پاکستان کو اسکے پوٹینشل کے مطابق ترقی دے سکے۔