آمروں کی سیٹی پر دم ہلانے والے عوام کے حامی نہیں ہو سکتے‘ نثا ر کھوڑو
لاڑکانہ (بیورو رپورٹ) سابق سینئر صوبائی وزیر اور صدر پاکستان پیپلز پارٹی سندھ نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ جی ڈی اے محلاتی سازشیوں کا اتحاد ہے اور آمروں کی سیٹی پر دم ہلانے والے عناصر کبھی بھی عوام کے حامی نہیں ہو سکتے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی رہنماؤں کی جانب سے دئیے گئے عید ملن پارٹی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ جی ڈے اے میں شامل لوگ انتخابات جیت نہیں سکتے جس کیلئے وہ انتخابات ملتوی ہونے کا رونا رو رہے ہیں لیکن ہم انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ انتخابات بھی وقت پر ہوں گے اور اس مرتبہ بھی انہیں ناکامی ملے گی اور ان کے محلاتی سازشیں بھی ناکام ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ دشمن عناصروں کے پول کھل کر عوام کے سامنے آ چکے ہیں ایسے پی پی پی مخالف اتحادوں کو سندھ سے کچھ بھی نہیں ملے گا اور انتخابات میں مخالف تیر سے شکار ہوں گے انہوں نے کہاکہ نواز شریف مچھروں کی بدبو سے ایک آمر سے معاہدہ کر کے ملک سے بھاگ گئے تھے اور بزدل آمر پرویز مشرف کو ملک میں آنے کی ہمت ہی نہیں۔ نثار احمد کھوڑو نے کہاکہ عمران خان خود بھی آمر کے حمایتی رہ چکے جو ہر بات پر یوٹرن لینے والے ہیں انہوں نے کہاکہ الطاف حسین اور ایم کیو ایم نئے صوبوں کی بات کر کے سندھ کو تقسیم کرنے کی بات کر رہی ہے لیکن سندھ پر میلی آنکھ رکھنے خود ٹکروں پر تقسیم ہو چکے ہیں اور سندھ ہمیشہ رہے گی۔ عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے کراچی سے کشمور تک پورے سندھ میں امن امان بحال کروایا‘ لاڑکانہ میں 100 فیصد کم نہ ہو سکے لیکن اس کے باوجود بھی بہتر کام کروائے گئے۔ سابق رکن سندھ اسمبلی خورشید احمد جونیجو نے کہاکہ پی پی پی مخالف اتحاد میں شامل لوگوں کی ضمانت مسترد ہو چکی ہیں‘ لاڑکانہ پیپلز پارٹی کا گڑھ ہے اور ہمیشہ رہے گا اور 25 جولائی پر عوام تیر پر ٹھپے لگا کر پی پی پی امیدواروں کو ریکارڈ ووٹوں سے منتخب کرے گی۔