کم جونگ کا ایک برس میں بیجنگ کا تیسرا دورہ‘ سنگاپور‘ معاہدے پر عملدرآمد کیا جائے: چینی صدر
سیئول/ بیجنگ (اے ایف پی+ نوائے وقت رپورٹ) امریکہ اور جنوبی کوریا نے دونوں ممالک کی مشترکہ فوجی مشقوں کو اگست میں معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔ جنوبی کوریائی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کے اعلان کے بعد دونوں ملکوں نے فریڈم گارجیئن نامی فوجی مشقوں کی تمام کارروائیاں معطل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ پینٹاگون نے بھی تصدیق کی ہے کہ اگست میں یہ فوجی مشقیں روک دی جائیں گی۔ رواں ہفتے اس معاملے پر بات چیت کیلئے امریکی وزیر خارجہ، دفاع اور ٹرمپ کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر کے درمیان ملاقات بھی متوقع ہے۔ شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اْن 2 روزہ دورے پر چین پہنچ گئے۔ شمالی کورین سربراہ کا رواں برس چین کا یہ تیسرا دورہ ہے۔ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی اور سنگاپور میں ٹرمپ سے ملاقات کے بارے میں آگاہ کیا۔ چینی صدر نے مطالبہ کیا کہ امریکہ اور شمالی کوریا سنگاپور معاہدے پر عملدرآمد کریں۔ ٹرمپ اور کم کی سنگاپور ملاقات کے نتائج سامنے آنے چاہئیں۔ کم جونگ نے کوریا میں امن و استحکام کیلئے چینی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ کم جونگ نے کہا کہ جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے فیصلے پر چین کی شمالی کوریا کی تعریف کا خیرمقدم کرتے ہیں۔