یمن : اتحادی فوج الحدیدہ ائرپورٹ میں داخل، حوثیوں کی گولہ باری ، ایک خاندان کے 9افراد ہلاک
الحدیدہ(آئی این پی‘ اے ایف پی،نوائے وقت رپورٹ)یمن میں سعودی اتحادی فوج انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی حدود میں داخل ہو گئی، ہوائی اڈے پر سعودی عسکری اتحاد کا قبضہ ایک اہم سٹریٹیجک فتح ہے، شہریوں نے جانیں بچانے کے لئے نقل مکانی شروع کر دی۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یمنی بندرگاہ الحدیدہ پر قبضے کی لڑائی گزشتہ ہفتے سے جاری ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق الحدیدہ کے ہوائی اڈے پر سعودی عسکری اتحاد کا قبضہ ایک اہم سٹریٹجک فتح ہو گا۔ عرب فوجی انتہائی جدید اپاچی ہیلی کاپٹروں پر سوار ہو کر الحدیدہ شہر کی عمارتوں کی چھتوں پر بیٹھے حوثی ملیشیا کے نشانچیوں کو ہدف بنا رہے ہیں۔ ادھر سعودی عسکری اتحاد کے ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ کی ثالثی سے امکان ہے کہ حوثی ملیشیا الحدیدہ سے پیچھے ہٹ جائیں گے ورنہ سویلینز کو بمباری کے دوران شدید نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔متحدہ عرب امارات نے بھی حوثی باغیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ بندرگاہی شہر الحدیدہ سے نکل جائیں۔ حوثیوں کی جانب سے داغے گئے توپ کے گولوں سے 9شہری ہلاک ہو گئے۔ حملے میں ہلاک ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔حوثیوں کا سعودی شہر خمیس مشیط پر ایک اور میزائل حملہ ناکام، رواں ہفتے تیسری کارروائی ہے۔