پیپلز پارٹی نے سندھ کو تباہ کر کے عوام کو بدحال کر دیا‘ شاہ محمود قریشی
کنری (نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری نے اپنے دور اقتدار میں قومی خزانہ لوٹ کر اپنی اور اپنے بچوں کی تجوریاں بھریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ NA-220 عمر کوٹ کے دورے کے موقع پر کنری میں اللہ والا چوک پر کارکنان کے اجتماع سے خطاب کے دوران کیا اس موقع پر صوبائی حلقہ PS-53 سے پی ٹی آئی کے امیدوار ڈاکٹر دوست محمد میمن، سابق ایم این اے لال مالہی اور جام میمن بھی ان کے ہمراہ تھے۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پی پی پی حکومت نے اپنے 10 سالہ دور اقتدار میں سندھ کو تباہ کر کے عوام کو بدحال کر دیا ہے‘ پنجاب سے پی پی پی فارغ ہو چکی ہے 2018ءکے الیکشن میں سندھ سے بھی فارغ کر دیں گے ان پاس کیا ہے کیا یہ لوگ ہوا میں حکومت بنائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ زرعی پانی اور نہروں پر پی پی پی کے بااثر لوگ قابض ہیں جبکہ ٹیل والے پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں‘ پی پی پی حکومت کی ناقص زرعی پالیسیوں کے باعث سندھ کا زرعی شعبہ تباہ ہونے سے آبادگار معاشی بدحالی کا شکار ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ کے لوگ تبدیلی اور نئے پاکستان بنانے کا فیصلہ کر چکے ہیں‘ 2018ءتبدیلی کا سال ہے پی ٹی آئی عوام کو ان کے حقوق دلائے گی‘ پی پی پی کے کرپٹ لوگ نیب کے احتساب سے تو بچ سکتے ہیں لیکن عوام کے احتساب سے نہیں بچ سکتے‘ کرپشن کے ذریعے تجوریاں بھرنے والوں کا احتساب کرنے نکلے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا آج پی پی پی وہ پارٹی ہے جو بھٹو کی پارٹی ہوا کرتی تھی آج اس کا فلسفہ اور منشور وہ ہے جو بھٹو کا ہوا کرتا تھا‘ آج تو یہاں کاروبار ہے زر اور زرداری ہے‘ بھٹو نہیں چوری اور چکاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ اب پی پی کو دھاندلی نہیں کرنے دیں گے۔
شاہ محمود قریشی