نیلم جہلم پراجیکٹ :ایک اور یونٹ نے بجلی کی پیداوار شروع کر دی
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے ایک اور یونٹ نے بجلی کی پیداوار شروع کر دی ہے ۔ یہ یونٹ 242اعشاریہ 25میگاواٹ بجلی پیدا کر رہا ہے اور یہ بجلی نیشنل گرڈ کو مہیا کی جارہی ہے ۔ مذکورہ یونٹ تعمیراتی معاہدے کی رُو سے ابتدائی طور پر اگلے تین روز اور اِس کے بعد مزید ایک ماہ تک اپنے ریلائی ایبلٹی پیریڈ میں رہے گا اور اِس دوران مسلسل پوری پیداواری صلاحیت کے مطابق بجلی کی پیداوار جاری رکھے گا ۔اِس یونٹ کو جس کا نام یونٹ نمبر4ہے ، اپریل کے مہینے میں آپریشنل کیا گیا تھا اور اِس یونٹ نے ٹیسٹ رن کے دوران نیشنل گرڈ کو 13 لاکھ یونٹ بجلی بھی فراہم کی تھی ۔ تاہم مختلف ٹیسٹ کے دوران اِس یونٹ میں معمولی نوعیت کے تکنیکی مسائل سامنے آئے ،جنہیں کنٹریکٹرنے دور کر دیا ہے اور اب یہ یونٹ اپنی پوری پیداواری صلاحیت کے مطابق بجلی پیدا کر رہا ہے۔