ننکانہ: نشے سے چھٹکارے کے غیر قانونی کلینک میں رسیوں سے جکڑے 24 افراد بازیاب
ننکانہ صاحب(نامہ نگار + نمائندہ نوائے وقت) محکمہ صحت کی ٹیم کانشہ سے چھٹکارے کے لئے کام کرنے والے غیر قانونی سہارا کلینک پر چھاپہ ،سہارا کلینک کے تہہ خانے میں رسیوں سے جکڑے ہوئے 24 افراد کو بازیاب کروالیا گیا۔ حکومت پنجاب کے حکم پر منشیات کی غیر قانونی علاج گاہوں کے خلاف کاروائی کرنے کے لیے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ(ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی) ننکانہ کی ہدایت پرڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے ٹیم کے ہمراہ ہائوسنگ کالونی میں واقع نشہ سے چھٹکارے کے لئے کام کرنے والے غیر قانونی سہارا کلینک پر چھاپہ مار کر تہہ خانے میں رسیوں سے جکڑے 24 افراد کو بازیاب کروایا۔ ان بے سہارا اور مجبور افراد کو علاج کے بہانے رسیوںسے جکڑاہوا تھا اور کلینک میںداخل افراد کے ورثاء سے علاج کی آڑ میں30ہزار روپے بھی لئے جارہے تھے۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے کہا کہ غیر قانونی کلینک کو سیل کر کے مقدمہ کے لیے درخواست دے دی گئی ہے۔ دریں اثناء ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب نے بتایا کہ سہارا کلینک سے بازیاب ہونے والے افراد کوڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے جبکہ سہارا کلینک کے مالک اور عملہ سے ان افراد کا ریکارڈ حاصل کر کے انہیں ان کے ورثاء کے حوالے کیا جائے گا۔