لاہور: لاکھوں کے ڈاکے، شیخوپورہ میں ڈاکوئوں کی فائرنگ سے مسافر قتل
لاہور، شیخوپورہ (سٹاف رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت) ڈاکوئوں اور چوروں نے شہریوں کو لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، زیورات اور قیمتی سامان سے محروم کردیا۔ ڈاکوئوں نے مصری شاہ میں گھوڑے شاہ چوک میں ندیم کی فیملی سے 4 لاکھ 80 ہزار، ماڈل ٹائون میں اسلم کی فیملی سے 2 لاکھ 80 ہزار، ہنجروال میں رشیدکی فیملی کو یرغمال سے ایک لاکھ 80 ہزار، باٹاپور میں احمد کے گھر سے 2 لاکھ 60 ہزار، ڈیفنس سی میں ظہیرکے گھر سے 3 لاکھ 80 ہزار، بادامی باغ میں حسنین کی فیملی سے 2 لاکھ 90 ہزار کی نقدی، زیورات اور قیمتی اشیاء لوٹ لیں۔ علاوہ ازیں نواب ٹائون میں کاشف، گرین ٹائون میں ضیاء کی گاڑیاں جبکہ مصری شاہ ، شیراکوٹ، مغلپورہ، گجرپورہ، شادباغ، ستوکتلہ اور نواں کوٹ سے موٹر سائیکلیں چوری کرلی گئیں۔ دوسری طرف شیخوپورہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ڈاکوئوں نے ناکہ لگا کر دو مسافر وین لوٹ لیں مزاحمت پر گولی مار کر ایک مسافر کی جان لے لی۔ جی ٹی روڈ کالا شاہ کاکو کے علاقہ مہتہ سوجا کے قریب ڈاکوئو ں نے ڈاکو ناکہ لگا کر دو مسافر ویگنوں کو روک کر اس میں سوار مرد خواتین مسافروں کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنالیا اور ان سے مجموعی طور پر لاکھوں روپے نقدی، زیوارت اور موبائل فونز و دیگر قیمتی اشیاء چھین لیں جبکہ مزاحمت پر فائرنگ کرکے ایک مسافر کو گولی مار کر قتل کردیا۔