پولیس میں کالی بھیڑوں کو معطل ہی نہیں سزا بھی دوں گا: آئی جی سندھ
کراچی (نوائے وقت نیوز)آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے کہا ہے کہ اپنا کام ایمانداری سے کروں گا،پولیس میں موجود کرپٹ افسران کو نہیں چھوڑا جائیگا، انہیں صرف معطل ہی نہیں سزا بھی دوں گا۔ آئی جی سندھ نے کراچی میں مزارقائد پرحاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ،انہوں نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے مزار پر سلامی دی اور پھول چڑھائے۔میڈیا سے گفتگومیں انہوں نے کہا کہ امن وامان کو بہتر کرنا پولیس کا کام ہے،اللہ کو گواہ بناکر کہتا ہوں اپنا کام ایمانداری سے کروں گا۔انہوں نے کہا پولیس میں اچھی شہرت کے افسران بھی ہیں مگر پولیس میں کالی بھیڑوں کو نہیں چھوڑوں گا،انہیں صرف معطل ہی نہیں سزا بھی دوں گا۔آئی جی سندھ کا کہنا تھاکہ سٹریٹ کرائم کے خاتمے کیلئے بھی کام شروع کردیاہے۔