سی آئی اے نے بھارت کی 2 انتہا پسند تنظیموں کو دہشتگرد فہرست میں شامل کرلیا
واشنگٹن (آن لائن) امریکی انٹیلی جنس ادارے سی آئی اے نے بھارت کی 2 ہندو انتہا پسند تنظیموں وشوا ہندو پریشد اور راشٹریہ سیوک سنگھ کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرلیا۔ وشوا ہند و پریشد اور راشٹریہ سیوک سنگھ کو عسکریت پسند تنظیمیں قرار دیتے ہوئے دونوں تنظیموں کا نام ورلڈ فیکٹ بک میں دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرلیا ہے۔ سی آئی اے نے یہ اقدام انتہا پسند ہندو جماعتوں کے تشدد اور دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہونے کے شواہد ملنے کے بعد کیا۔ وشوا ہندو پریشد اور راشٹریہ سیوک سنگھ کے ترجمان نے الگ الگ بیان میں اقدام کو متعصبانہ اور لغو قرار دیتے ہوئے سی آئی اے کی جانبداری پر سوال اْٹھا دیئے۔ ہندو عسکریت پسند تنظیموں کا کہنا تھا کہ سی آئی اے بذات خود ایک دہشت گرد ادارہ ہے جو امریکی مفادات کے تحفظ کی آڑ میں دیگر ممالک کی سالمیت کو نقصان پہنچاتا ہے۔ فیصلے کیخلاف انتہا پسند جماعتوں کے کارکنوں نے بھارت کے مختلف حصوں میں مظاہرے کئے۔ مظاہرین نے دعویٰ کیا کہ سی آئی اے نے ورلڈ فیکٹ بک میں جو نقشہ شائع کیا ہے اس میں کشمیر کو پاکستان کا حصہ دکھایا گیا ہے جس سے سی آئی اے کی کھلی جانبداری کا اظہار ہوتا ہے۔