طالبان سے مذاکرات کی بحالی افغان وفد پاکستان پہنچ گیا
کابل (نیوز ایجنسیاں) طالبان کے ساتھ امن عمل کو آگے بڑھانے کیلئے مذاکرات کیلئے افغان وفد پاکستان پہنچ گیا۔ افغان حکومت کے ترجمان فیروز بشاری نے بتایا وفد میں قومی سلامتی مشیر حنیف اتمار، انٹیلی جنس چیف معصوم ستانکزئی اور وزیر داخلہ ویس احمد برمک اعلیٰ پاکستانی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات اسلام آباد میں ہوگی۔ افغان میڈیا کے مطابق اتمار پاکستان سے طالبان کو جنگ بندی میں توسیع اور مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے مدد کا مطالبہ کرینگے۔ ادھر افغانستان میں نئے امریکی کمانڈر سکاٹ ملر نے ارکان کانگریس کو بتایا 17 برس سے افغانستان میں جنگ جاری ہے، میں اس کے خاتمہ کی تاریخ اور ضمانت نہیں دے سکتا، داعش اور القاعدہ اب بھی بڑا خطرہ ہیں۔