چین کی طرف سے افغانستان میں امن اور مفاہمت کی مکمل حمایت کا اعلان
بیجنگ (آئی این پی) چین افغانستان کے صدر اشرف غنی کی جانب سے ملک میں امن کے لئے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کرتا ہے اور اس توقع کا اظہار کرتا ہے کہ فریقین کے درمیان جنگ بندی کا اعلان مفاہمت کی طرف لے جائے گا ۔ ہم نے اس بات کو خاص طور پر محسوس کیا ہے کہ افغان حکومت نے طالبان کے ساتھ جنگ بندی کے مسئلہ پرمذاکرات آگے بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شو آنگ نے باقاعدہ پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔ ترجمان نے کہا کہ ہم افغان تنازعہ کے تمام فریقین پر زور دیتے ہیں کہ وہ مذاکرات اور سیاسی بات چیت کے ذریعے اندرونی مفاہمت اور امن کو کامیاب بنائیں ۔ چین امن اور مفاہمتی عمل کی مکمل حمایت کرتا ہے اور وہ افغانستان میں جلد از جلد امن کے قیام کے لئے تعمیری کردار ادا کرنے کاخواہش مند ہے ۔ فرانسیسی سینٹ کی طرف سے شائع ہونے والی رپورٹ کا ذکر کرتے ہوئے جس میں بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے میں شرکت کی خواہش ظاہر کی گئی ہے ترجمان نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ ایک کھلا اور بے مثال بین الاقوامی تعاون کا منصوبہ ہے ۔ یہ آپس کی مشاورت ، مشترکہ تعمیر اور مساوی فوائد پر مبنی ہے ۔ شریک ممالک اس میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں اور اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔