مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں قتل عام کا اختیار اپنے ہاتھوں میں لے لیا‘ فاروق حیدر
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پی ڈی پی اور بی جے پی کی مخلوط حکومت کو ختم کر کے اور گورنر راج نافذ کر کے مودی حکومت نے مظلوم کشمیریوں کے قتل عام کا سارا اختیار براہ راست اپنے ہاتھوں میں لے لیا جبکہ دہشت گردوں کا خاتمہ محض الزام تراشی ہے۔ پہلے بھی محبوبہ مفتی کی سربراہی میں کٹھ پتلی حکومت دہلی حکومت کی آلہ کار تھی۔ مودی حکومت نے بھارتی فورسز کو مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا کھلا لائسنس دے رکھا تھا اور محبوبہ مفتی حکومت کے دور میں پیلٹ گنوں کے ذریعے نئی نسل کو بینائی سے محروم کرنے کے مضموم منصوبہ پر عمل کیا جا رہا تھا۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ اس سے دہشت گردی کو ختم کرنے کے نام پر ریاستی دہشت گردی میں اضافہ کیا جائیگا لیکن ان تمام ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری عوام آزادی کی جدوجہد جاری رکھیں گے اور مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم جنازوں اور میتوں پر لہراتا اور لپٹتا رہے گا۔