چین میں صدیوں پرانی تھیٹر کی تاریخ
خاور عباس سندھو
چین میں تھیٹر کی تاریخ صدیوں پرانی ہے۔وقت کے ساتھ ساتھ اس میں تبدیلیاں ہوئیں اور پھر اس میں ڈرامہ اور موسیقی بھی شامل ہو گئے۔چینی زبان میں تھیٹر کو اوپرا کہا جاتا ہے۔ جس کی جڑیں چین کی تاریخ کے اوائل سے جڑی ہیں۔شروع میں تھیٹر بہت سادہ تھا۔ صرف ڈرامہ پر مشتمل تھا جس میں 2 کردار ہوتے تھے۔ پھر اس میں جدت آئی اور 13 ویں صدی میں یہ شاہانہ گیت کی صورت سنجیدہ صورتحال میں ڈھل میں گیا اور اس میں میوزک ، گانا ، ڈانس ، مارشل آرٹس اور بازی گری دکھانا شامل ہو گیا۔
چین کے 6 شاہانہ ادوار میں تھیٹر میں مختلف گانے اور ناچ فروغ پایا۔ کمیونیکیشن یونیورسٹی آف چائنہ میں کونچ ( Kunqu) اوپرا سوسائٹی کے عہدیدار طلبہ کے انچارج چاﺅ فنگ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ کونچ اوپرا بنیادی طور پر چائنیز اوپرا کی ہی ایک قسم ہے جس نے کنشان ( Kunshan ) گیت سے نشوونما پائی اور اس کا 16 ویں سے 18 ویں صدی تک غلبہ رہا جو چین کے ثقافتی علاقے وو ( Wu ) سے تشکیل پایا جسے انسانیت کے غیر محسوس ورثہ کا ایک شاہکار سمجھا جاتا ہے۔
چین میں کونچ اوپرا نے تیزی سے ترقی کی اور اب اس کے 8 بڑے تھیٹر ہیں جو بیجنگ ، شنگھائی ، شوزو ، مان چنگ ، چن زو سمیت دیگر بڑے شہروں میں کام کررہے ہیں۔اس کے علاوہ کئی شہروں میں پرائیویٹ طور پر اوپرا سوسائٹیز بھی فعال ہیں جو تھیٹر کے فروغ میں اپنا بھر پور حصہ ڈال رہی ہیں۔ چین سے باہر دیگر ممالک میں بھی چائنیز اوپرا کے فروغ پر کام ہورہا ہے۔
کونچ سٹیج کیلئے لکھے کئی ڈرامے شہرت کی بلندیوں کو چھورہے ہیں جن میں Poeny Pavilion اور Peach Blossom Fan نمایاں ہیں۔ ڈراموں کے معروف رائٹر تھانگ شی آ نرو نے شاہی گھرانہ (Ming) سے متعلق بہت لکھا۔ان کے لکھے ہوئے ڈراموں کو مجموعی طور پر " چار خواب " کہا جاتا ہے۔ رائٹر کا انتقال اسی سال ہوا جس برس ولیم شیکسپئر دنیا سے چل بسے۔15 ویں صدی میں اداکار اور موسیقار وی لیانگ فو نے چائنیز اوپرا کو موسیقی کے انداز میں متعارف کرایا جس میں علاقائی کلچر بھی شامل تھا اور اس نے بڑی شہرت حاصل کی۔
18 ویں صدی کے وسط میں آہستہ آہستہ یہ پیکنگ اوپرا کے ذریعے شہرت حاصل کرگیا اور اب موجودہ دور میں اس کی نئی شکل کو کونچ ( Kunqu) کہتے ہیں جو گیت ، ڈانس اور بولتے الفاظ کا مجموعہ ہے۔ جسے بے حد پسند کیا جارہا ہے۔ یونیورسٹی کے طلبہ نے ایک ملاقات کے دوران باقاعدہ طور پر کونچ پرفارمنس کے زریعے چینی ثقافت کی بھرپور جھلک دکھائی جس نے شرکاءکے دل موہ لئے۔