ووٹرکوپرامن ماحول فراہم کرینگے ، پولیس اور انتظامیہ غیرجانبداررہے گی :حسن عسکری
لاہور (خصوصی رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ حسن عسکری سے چیف سیکرٹری اکبر درانی اور آئی جی کلیم امام نے ملاقات کی۔ حسن عسکری نے کہا کہ شفاف الیکشن کے انعقاد کو ہر قےمت پر یقینی بنا یا جائے گا اور ووٹرز کو آزادانہ حق رائے دہی کےلئے پرامن ماحول فراہم کیا جائے گا۔ الیکشن کمشن کی ہدایات اورقواعد و ضوابط کے مطابق انتخابات کےلئے بہترےن انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ پنجاب میں انتظامیہ اور پولیس غیر جانبدار کردار ادا کرے گی، تمام سیاسی جماعتوں کےلئے مساوی مواقع میسر ہوں گے اور نگران حکومت مینڈیٹ کے مطابق الیکشن کی قومی ذمہ داری کو بطریق احسن سرانجام دے گی۔ پولیس اور انتظامیہ پیشہ ورانہ انداز میں حکومتی امور کی انجام دہی یقینی بنائے اور کسی قسم کا دباﺅ یا مداخلت کو خاطر میں نہ لائے۔ غیر جانبداری اعلیٰ کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہوگا۔ الیکشن قومی ذمہ داری ہے، انتظامیہ اور پولیس کے ہر فرد کو اپنا کردار نبھانا ہوگا۔ حسن عسکری نے ڈیرہ غازی خان میں خاتون سماجی کارکن کے قتل کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ حسن عسکری نے عید کے موقع پر صوبہ بھر میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے فول پروف انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور سکیورٹی کے شاندار انتظامات پر نگران وزیر داخلہ، آئی جی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام کوشاباش دی ہے۔
حسن عسکری