یمن:اتحادی فوج الحدیدہ ائرپورٹ میں داخل ، حوثیوں کی گولہ باری ،9 افراد ہلاک
الحدیدہ(آئی این پی‘ اے ایف پی)یمن میں سعودی اتحادی فوج انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی حدود میں داخل ہو گئی، ہوائی اڈے پر سعودی عسکری اتحاد کا قبضہ ایک اہم سٹریٹیجک فتح ہے،جنگ کی شدت کو دیکھ کر شہریوں نے جانیں بچانے کے لئے نقل مکانی شروع کر دی۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یمنی بندرگاہ الحدیدہ پر قبضے کی لڑائی گزشتہ ہفتے سے جاری ہے۔اتحادی فوج اس شہر کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی حدود میں ایک شدید جنگ کے بعد داخل ہو گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق الحدیدہ کے ہوائی اڈے پر سعودی عسکری اتحاد کا قبضہ ایک اہم سٹریٹجک فتح ہو گا۔ ہوائی اڈے کے کنٹرول کے لیے کیے گئے نئے حملے کی حوثی ملیشیا نے تصدیق کر دی ہے۔عرب اتحادی فوج حوثی نشانچیوں کی کارروائیوں کو ختم کرنے کے لیے امریکی ساختہ ہیلی کاپٹراپاچی کا استعمال بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ عرب فوجی انتہائی جدید اپاچی ہیلی کاپٹروں پر سوار ہو کر الحدیدہ شہر کی عمارتوں کی چھتوں پر بیٹھے حوثی ملیشیا کے نشانچیوں کو ہدف بنا رہے ہیں۔ حوثی ملیشیا کے ٹیلی وژن چینل المصیرہ کے مطابق عرب اتحاد کے جنگی طیاروں نے اٹھارہ جون کو چھ مرتبہ فضائی حملے کیے۔اقوام متحدہ کے مطابق یمنی بندرگاہ الحدیدہ پر قبضے کی لڑائی شروع ہونے کے بعد قریب پچیس ہزار افراد شہر سے نقل مکانی کر گئے ہیں۔ ان میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ادھر سعودی عسکری اتحاد کے ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ کی ثالثی سے امکان ہے کہ حوثی ملیشیا الحدیدہ سے پیچھے ہٹ جائیں گے ورنہ سویلینز کو بمباری کے دوران شدید نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔متحدہ عرب امارات نے بھی حوثی باغیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ بندرگاہی شہر الحدیدہ سے نکل جائیں۔ سعودی عسکری اتحاد میں شامل اس خلیجی ریاست کا کہنا ہے کہ جب تک یہ باغی اس شہر سے پیچھے نہیں ہٹتے، تب تک ان کے خلاف عسکری کارروائی جاری رہے گی۔سلامتی کونسل نے یمنی فریقین سے اپیل کی ہے کہ وہ اس بندرگاہ کو کھلا اور چالو رکھیں تا کہ داخلی طور پر مہاجرین کے لیے ضروریاتِ زندگی کا سامان پہنچانے کا سلسلہ جاری رہے۔ یمن میں حوثیوں کی جانب سے داغے گئے توپ کے گولوں سے 9شہری ہلاک ہو گئے۔ حملے میں ہلاک ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یمن کے جنوب میں واقع شہر الا دالی میں حوثیوں کی جانب سے توپ کے گولے پھینکنے سے 9 افراد ہلاک ہو گئے۔عینی شاہدین سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق حوثیوں نے موریض علاقے سے منسلک ایک گائوں پر توپ کے گولے داغے۔حملے میں ہلاک ہونے والوں کا تعلق ایک ہی کنبے سے تھا جن میں ایک خاتون بھی تھی۔ ادھر اقوام متحدہ کے نمائندہ خصوصی برائے یمن مارٹن گرفتھس اور حوثیوں کے مابین مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہ ہو سکے، ایران نواز حوثی باغیوں نے اقوام متحدہ کی تمام پیش کش ٹھکرا دیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق حوثیوں نے الحدیدہ کی بندر گاہ سے انخلا کرنے اور اس مقام کو اقوام متحدہ کی زیرِ نگرانی دینے کے مطالبے کو ٹھکرا دیا۔اقوام ِ متحدہ کے نمائندہ خصوصی برائے یمن مارٹن گرفتھس یمن کے حوثیوں کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں کسی نتیجے تک نہیں پہنچ سکے۔گرفتھس کا کہنا ہے کہ الحدیدہ شہر میں حوثیوں کے خلاف آپریشن کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات سے کوئی ٹھوس نتیجہ حاصل نہیں کیا جا سکا ۔حوثیوں نے الحدیدہ کی بندر گاہ سے انخلا کرنے اور اس مقام کو اقوام متحدہ کی زیرِ نگرانی دینے کے مطالبے کو ٹھکرا دیا ہے۔توقع ہے کہ گرفتھس آج صنعا سے روانہ ہوجائینگے۔عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا یمن میں حوثی ملیشیا جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے اپنے جانی نقصان کو چھپانے کی کوشش کررہی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ الحدیدہ شہر کو آزاد کرانے کے لیے لڑائی میں اور صعدہ کے محاذ پر حوثیوں کا بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔
یمن