جنوبی چھائونی: سسرالیوں نے مبینہ طور پر بہو کو تیزاب پلا کر قتل کر دیا
لاہور (اسٹاف رپورٹر) تھانہ جنوبی چھائونی کے علاقے میں مبینہ طور پر سسرالیوں نے بہو کو تیزاب پلا کر قتل کر دیا۔ لواحقین کی درخواست پر شوہر، ساس اور سسر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔ چوکی نادر آباد کے علاقے سیج پال کے غلام حیدر کی بیوی یاسمین نے پرسرار طور پر تیزاب پی لیا جسے فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے پوسٹمارٹم کے لئے منتقل کر کے یاسمین کی والدہ عذرا بی بی کی درخواست پر مقتولہ کے شوہر، ساس اور سسر کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا تاہم ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ مقتولہ کی والدہ کے مطابق اس کی بیٹی یاسمین کی شادی 5سال قبل ہوئی تھی اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے اس کا شوہر اور سسرالی اسے اکثر معمولی باتوں پرتشدد کا نشانہ بنایا کرتے تھے گزشتہ روز بھی معمول کے مطابق دونوں میاں بیوی کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی جس پر اس کے شوہر نے اپنی والدہ اور والد کے ساتھ مل کر اسے زبردستی تیزاب پلا دیا جس کی وجہ سے وہ ہسپتال میں دم توڑ گئی۔
بہو قتل