یوریا کی قیمتوں میں 15 فیصد اضافہ
کراچی (این این آئی)ملک میں خریف کا سیزن شروع ہوتے ہی یوریا کھاد کی قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے جس کے باعث گزشتہ 5ہفتوں میں یوریا کھاد کی قیمت میں 15فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ ماہ کے آغاز پر یوریا کھاد کی 50کلوگرام کی بوری کی ریٹیل قیمت 1400روپے تھی جس میں 100روپے کا اضافہ کردیا گیا۔کھاد بنانے والی کمپنیوں کی جانب سے کیا گیا کیونکہ حکومت نے ان کو سبسڈی کی ادائیگی نہیں کی جس سے ان کی پیداوارج لاگت بڑھ گئی ہے ۔ جبکہ مزید 100روپے کا اضافہ ذخیرہ اندوزوں اور ڈیلرزکی جانب سے کیا گیا ہے کیونکہ آنے والے دنوں میں یوریا کی قلت کا خدشہ ہے ۔اس طرح یوریا کھاد کی بوری کی قیمت گزشتہ 5ہفتوں میں 1400 سے بڑھ کر 1600 ہو گئی ہے ۔ جبکہ اس میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ خریف کی فصل کے لئے یوریا کی طلب کا تخمینہ 3.13 ملین ٹن لگایا گیا ہے جبکہ دستیاب ذخائر 3.11ملین ٹن ہوں گے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ فوری طور پر یوریا کھاد درآمد کرنے کے اقدامات نہ کئے گئے تو زرعی شعبے کی کارکردگی متاثر ہو گی اور کسانوں کو مہنگی کھا خریدنا پڑے گی۔