ایمنسٹی اسکیم میں 30جون کے بعد کوئی توسیع نہیں کی جائے گی شمشاد اختر
کراچی (کامرس رپورٹر) نگراں وفاقی وزیر برائے صنعت و تجارت شمشاد اختر نے بروز پیرپاکستان اسٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا ۔ چیئرمین پی ایس ایکس بورڈ حسین لوائی نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر اسٹاک ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹیو رچرڈ مورن، عارف حبیب اور عقیل کریم ڈھیڈی سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداران اور ممبران نے نگراں وفاقی وزیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اسٹاک مارکیٹ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں رچرڈ مورن نے وفاقی وزیر کو پی ایس ایکس کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ جبکہ نگراں وفاقی وزیر شمشاد اختر نے اسٹاک ایکسچینج میں بہتری کیلئے 5سالہ منصوبہ بندی کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ تاہم اجلاس میں ایمنسٹی اسکیم پر بھی گفتگو کی گئی، وفاقی وزیر نے شرکاء کو واضع کیا کہ 30جون کے بعد اسکیم میں کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔ اجلاس کے اختتام پر چیئرمین پی ایس ایکس بورڈ آف ڈائریکٹرز حسین لوائی نے نگراں وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔