ورلڈکپ2018ء آج تین مسلم ممالک ایکشن میں آئیں گے
کراچی(اسپورٹس رپورٹر) عالمی کپ2018ء کے پہلے مرحلہ کا اختتام ہوگیا۔ بدھ20 جون کو دوسرے مرحلے کے سلسلے میں تین میچز کھیلے جائیں گے۔ آج کے پروگرام کی خاص بات یہ ہے کہ تین مسلم ممالک ایران‘ سعودی عرب اور مراکش کی ٹیمیں ایکشن میں ہوگی۔ گروپ اے کے سلسلے میں سعودی عرب کا سامنا یوروگوائے سے ہوگا۔ اس گروپ میں یوروگوائے اپنے پہلے میچ میں مصر کو شکست دیکر تین پوائنٹس حاصل کرچکی ہے جبکہ سعودی عرب کو پہلے میچ میں میزبان ٹیم روس نے 5-0 گول سے مات دی۔ سعودی عرب کو ٹورنامنٹ میں رہنے کے لئے اس میچ میں فتح کی ضرورت ہے جو ماہرین کے مطابق ناممکن ہے۔ دوسری جانب گروپ بی میں اول پوزیشن پر براجمان ایران کو اپنے دوسرے میچ میں سابق عالمی چیمپئن اور اس سال کی فیورٹ اسپین کے چیلنج کا سامنا ہوگا۔ ایران نے اپنے پہلے میچ میں مراکش کو شکست دی تھی جبکہ اسپین اور پرتگال کے درمیان میچ3,3 گول سے برابر رہا تھا۔ تیسرا اسلامی ممالک مراکش کا سامنا رونالڈو الیون پرتگال سے ہوگا۔ پرتگال اور اسپین دونوں ٹیموں کو ماہرین نے ان میچز کے لئے فیورٹ قراردیا ہے۔ مراکش مسلسل دوسری شکست کے ساتھ عالمی کپ سے باہر ہوجائے گا جبکہ ایران نے اگر اسپین کو اپ سیٹ کیا توفٹبال کی تاریخ میں پہلی بار وہ ناک آئوٹ رائونڈ میں جگہ بناسکے گا۔