سافٹ بال اکیڈمی اس کھیل کی فروغ کیلئے سنگ میل ثابت ہوگی،جنرل عارف حسن
کراچی ( اسپورٹس رپورٹر)پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر جنرل (ر) سیّد عارف حسن نے کہاہے کہ کراچی میں قائم ہونے والی پا کستان کی پہلی سافٹ بال اکیڈمی میں غیرملکی کوالیفائڈ کوچز کی تقرری ایک اہم اقدام ہے جو اس کھیل کی ترقی اور فروغ کیلئے ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے سافٹ بال فیڈریشن آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل آصف عظیم سے بات چیت کرتے ہوئے کیا پی او اے کے صدر جنرل (ر) سیّد عارف حسن نے کہا کہ دنیا بھرمیں گراس روٹ لیول سے ہی کھلاڑیوں کو اکیڈمیز میں جسمانی اور کھیل کے ٹیکنیکل امور سے متعلق تربیت دی جاتی ہے جس کے باعث انٹرنیشنل ایونٹس میں ان کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آتی ہے۔ جنرل عارف حسن کامزید کہنا تھا کہ سافٹ بال فیڈریشن پاکستان کیجانب سے مختلف شہروں میں اکیڈمی کاقیام لائق تحسین اور قابل تقلید ہے مجھے امید ہے کہ سافٹ بال اکیڈمی میںتربیت حاصل کرنے والے کھلاڑی مستقبل پاکستان کیلئے انٹرنیشنل ایونٹس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔فیڈریشن آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل آصف عظیم نے سافٹ بال کی خصوصی سرپرستی کرنے پر پی او اے کے صدر جنرل (ر) عارف حسن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قومی سافٹ بال اکیڈمی میں کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہوگیا ہے غیرملکی کوالیفائڈ کوچز کی تقرری کے سلسلے میں قومی سافٹ بال اکیڈمی کا وفد جلد ملایشیاء کادورہ کرے گا جہاں وہ ورلڈ بیس بال سافٹ بال کنفیڈریشن کی سیکریٹری جنرل داتو لو بینگ چوسے ملاقات کرے گا ا۔ ہماری پاکستان اسپورٹس بورڈ سے بھی درخواست ہے کہ سافٹ بال اکیڈمی کیلئے غیرملکی کوالیفائڈ کوچز کی تقرری میں فیڈریشن کی سرپرستی کریں تاکہ مستقبل میں سافٹ بال کے کھیل میں بھی عالمی سطح پرمیڈلزکاحصول ممکن ہوسکے۔