بجلی ،پانی اور شناختی کارڈزکے مسائل کے حل کی جدوجہد کررہے ہیں‘سیف الدین ایڈوکیٹ
کراچی (نیوز رپورٹر) متحدہ مجلس عمل کے تحت قومی اسمبلی کے حلقہ انتخاب این اے 245اور پی ایس 105اور 106کے تحت کارکنان و ذمہ داران اور جنرل ورکرز کے ساتھ ادارہ نور حق میں عید ملن کی تقریب کا اہتمام کیا گیا ،جس سے جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی کے صدر و نامزد امیدوار این اے 245سیف الدین ایڈوکیٹ ،نامزد امیدوار پی ایس 105سرور علی ، نامزد امیدوار پی ایس 106اسلم غوری ، پبلک ایڈ وکیٹ کمیٹی کے صدر نجیب ایوبی ،جے آئی یوتھ کے صدر حلقہ انتخاب کے ناظم انجینئر عبدالعزیز ،کوآرڈینیٹر حافظ بلال رمضان اور دیگر نے خطاب کیا۔ سیف الدین ایڈوکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کراچی کے عوام کو بجلی ،پانی اور شناختی کارڈز کے مسائل سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے گزشتہ کئی سالوں سے مسلسل جدوجہد کررہے ہیں ،موثر احتجاجی تحریک اور عوامی دباؤ کے باعث عوام کو ریلیف ضرور ملا ہے لیکن مسائل کے دیرپا حل اور عوامی مشکلا ت و پریشانیوں سے مکمل نجات کے لیے ضروری ہے کہ حکومت اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنایا جائے،جن اداروں اور حکام کی ذمہ داری ہے کہ عوامی مسائل حل کریں وہ اپنی ذمہ داری پوری کریں ،حکومت میں اہل ،دیانت دار اور اپنی ذمہ داری پوری کرنے کا احساس رکھنے والی قیادت ہوگی تو عوام کے مسائل حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی طاقت اور ووٹ کی پرچی سے عوام اپنی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ کراچی کے عوام کے پاس ایک سنہری موقع اور بہترین آپشن موجود ہے کہ وہ عام انتخابات میں ماضی میں ووٹ لے کر عوام کو دھوکہ دینے اور کراچی کے حالات کو خراب کرنے والوں کو مسترد کردیں اور کتاب کے نشان پر مہر لگا کر اپنا اور اپنے بچوں کا مستقبل روشن اور محفوظ بنائیں ۔