عام انتخابات میں نوجوان اہم کردار ادا کرسکتے ہیں گورنرسندھ
کراچی (وقائع نگار ) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ 25 جولائی 2018 ء کو ہونے والے عام انتخابات ملکی تاریخ کے روشن مستقبل کا تعین کریں گے جس میں نوجوان اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ، ملک کی کل آبادی کے 60 فیصد سے زائد نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں یہ نوجوان عام انتخابات میں بھرپور طریقہ سے حصہ لے کر عوام کی بہتر انداز میں رہنما کرسکتے ہیں قوم کو اپنے نوجوانوں سے قوی امید یں ہیں مجھے یقین ہے آج کا نوجوان قومی توقعات پر اترنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں یوتھ پارلیمنٹ کے بانی چیئر مین رضوان جعفر کی قیادت میں آنے والے 35 رکنی وفد سے ملاقات میں کیا ۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ گذشتہ حکومت نے پانچ برس کے دوران ملک کو مستحکم کیا ، 2013 ء میں پاکستان کے حالات انتہائی خطرناک حد تک خراب ہو چکے تھے ، صنعتیں بند ہورہی تھیں ، کوئی بھی سرمایہ کار یہاں آنے کو تیار نہیں تھا ، بے روزگاری بہت بڑھ چکی تھی ، توانائی بحران کے باعث 16 ،16 گھنٹے تک بجلی غائب رہتی تھی ، انتہائی مخدوش حالات میں گذشتہ حکومت کو اقتدار ملا حالانکہ گذشتہ پانچ برس کے دوران ترقی کے دشمنوں نے بار بار رخنہ ڈالا گیا کبھی دھرنے ، کبھی احتجاج تو کبھی رکاوٹیں کھڑی کی گئیں تھیں لیکن وژنری صلاحیتوں اور قومی جذبہ سے سرشار حکومت نے ملک کی تقدیر بدلنے کا عہد کیا اور شب وروز محنت کرکے ملک کو خوشحالی کی سمت گامزن کرنے میں کامیاب رہی، آج کا پاکستان پر امن ، قومی معیشت مستحکم ، توانائی طلب سے زائد اور روزگار کے مواقع دستیاب ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں عوام کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ کا صحیح استعمال کرکے پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھ سکتے ہیں اس ضمن میں نوجوانوں سے قوم کو بڑی امیدیں ہیں ، نوجوانوں کو قوم کی رہنمائی کے لئے آگے آنا ہوگا ، اچھے اور برے کی تمیز کئے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے