فقر وقناعت ،ایثار اورسادگی ہماراشعار ہونا چاہیئے‘پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان
کراچی(نیوزرپورٹر) جامعہ کراچی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے کہا کہ ماہ صیام میں عبادت صرف اللہ کی خوشنودی کے لئے نہایت حضو ع وخشوع سے کی جاتی ہے،یہ تعلق ہماری روزہ مرہ کی زندگی میں بھی اسی طرح قائم رہے جس کے لئے فقر وقناعت ،ایثار اورسادگی ہماراشعار ہونا چاہیئے۔ غربت وافلاس کے ستائے ہوئے لوگ قطاروں میں کھڑے نظرآتے ہیں جو ہم سب کے لئے لمحہ فکریہ ہے،آسودہ حال لوگوں کو غریبوں، حاجتمندوں کی مددکرنا چاہیئے ،یہی حقوق العباد ہے۔عید ملن اگرچہ ایک روایتی تقریب ہی سہی تاہم اس کی اہمیت بہت زیادہ ہے ،باہمی میل جول ہمیں دعوت فکر دیتی ہے کہ ایک دوسرے کے کام آئیں اور اللہ کی نعمتوں کا شکر بجالائیں تاکہ ہمارارزق کشادہ ہو،نہ صرف یہ بلکہ اخلاص اور محبت کے ذریعہ فلاحی معاشرہ کی تشکیل کے لئے سرگرم رہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کی انتظامیہ کے زیر اہتمام اسٹاف کلب کے سبزہ زار پر منعقدہ ’’عید ملن ‘‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پررئیس کلیہ علم الادویہ پروفیسر ڈاکٹر اقبال اظہر،یونی کیرینز کے صدر اعجاز احمد فاروقی ،رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر ماجد ممتاز،پروفیسر ڈاکٹر مونس احمر اور آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر محمد طاہرخان اوراساتذہ، وغیرتدریسی عملے کی بڑی تعدادموجود تھی۔ڈاکٹر اجمل خان نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ جامعہ کراچی کے ملازمین جامعہ کی ترقی کے لئے پوری لگن ،محنت اور ایمانداری سے اپنے فرائض اداکرینگے۔یونی کیرینز انٹرنیشنل کے صدرپروفیسر اعجاز احمد فاروقی نے تمام ملازمین کو مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ مجھے جامعہ کراچی آکر بیحد خوشی ہوتی ہے کیونکہ میں جامعہ کراچی کا طالبعلم رہاہوں اورجب بھی اس طرح کے پروگرام ہوں گے یونی کیرینز اس میں آئندہ بھی بھر پورتعاون کرے گی۔پروفیسر ڈاکٹرماجد ممتاز نے تمام ملازمین کا تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا