پی ایس او نے ٹیلی نار پاکستان کے ساتھ شراکت داری قائم کر لی
اسلام آباد (پ ر) پاکستان کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی پاکستان اسٹیٹ آئل نے اپنے آئوٹ لیٹس پر صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے انقلابی اقدامات کے تحت پاکستان کی سر فہرست ڈجٹل موبائل فنانشل سروسز فراہم کرنے والی کمپنی ٹیلی نار پاکستان کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے۔ پی ایس او ملک بھر میں اپنے 3500 آئوٹ لیٹس کے نیٹ ورک اور بھاری مالیت میں نقد رقوم کیاانتظامی صلاحیت کو بروئے کار لاتے ہوئے صارفین کو ٹیلی نار پاکستان کی برانچ لیس بینکاری اور جی ایس ایم خدمات ملک گیر فراہم کرے گا۔ ٹیلی نار پاکستان کے ساتھ پی ایس او کے ساتھ معاہدے پر جنرل منیجر نیو بزنس ڈیولپمنٹ بابر ایچ چوہدری اور ٹیلی نار پاکستان کے ڈائریکٹر سیلز اینڈ ڈسٹری بیوشن محمد قاسم اعوان نے پی ایس او ہیڈ کوارٹرز کراچی میں دستخط کیے۔ اس موقع پر پی ایس او کے منیجنگ ڈائریکٹر شیخ عمران الحق اور ٹیلی نار پاکستان کے سی ای او عرفان وہاب خان کے علاوہ دونوں اداروں کے علیٰ عہدے داران بھی موجود تھے۔ برانچ لیس بینکاری کی سہولت روایتی بینکاری کے مقابلے میں نسبتاً سستی متبادل سہولت ہے جو مالیاتی اداروں اور معیشت سے جڑے ہوئے دیگر کمرشل اداروں کو ریٹیل ایجنٹس، موبائل فون اور دیگر ڈیلیوری چینلز کے ذریعے روایتی بینکوں سے ہٹ کر مالیاتی خدمات کی فراہمی کا موقع فراہم کرتی ہے۔