ایل این جی ٹرمینل کی تعمیرتاخیر کا شکار،نیا شیڈول جاری
کراچی(این این آئی)نجی شعبہ کی طرف سے دوسرے فلوٹنگ سٹوریج اینڈ ری گیسی فکیشن یونٹ ( ایف ایس آر یو)ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر تین ماہ کی تاخیر کا شکا ر ، دوسرے ٹرمینل کی تعمیر اب 30جون کے بجائے ستمبر تک متوقع ، ابھی تک ٹرمینل کا فنانشل کلوزنہیں ہوسکا، نجی کمپنی کو دوسرے ٹرمینل کی تعمیر میں تاخیر سے ماہانہ 272,000ڈالر جرمانہ ہو گا ، ٹرمینل میں تاخیر کی وجہ سے اضافی ایل این جی کی درآمد بھی تاخیر کا شکار ہوگئی ، تفصیلات کے مطابق وزارت پٹرولیم نے ایل این جی ٹرمینل کی تنصیب کیلئے ایک نجی کمپنی کو ٹھیکہ دیا تھا اورمذکورہ کمپنی کو ٹرمینل کی تعمیر کا کام 30تک مکمل کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی لیکن مذکورہ کمپنی فنانشل کلوز مقررہ وقت پر نہیں کرسکی اور منصوبہ کے کنٹریکٹر نے بھی گزشتہ کئی ہفتوں سے کام روک رکھا ہے ۔ واضح رہے کہ ملک میں پہلے ایف ایس آر یو ایل این جی ٹرمینل ایک اور نجی کمپنی نے تعمیر کیا تھا جس سے 600ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی ترسیل جاری ہے اور دوسرے ایف ایس آر یو ایل این جی ٹرمینل میں تاخیر کی وجہ سے وزارت پٹرولیم کی طرف سے ایس این جی پی ایل کے سسٹم میں سالانہ 1.2ارب مکعب گیس درآمد کرنے کامنصوبہ بھی التوا کا شکار ہونیکا خدشہ ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزارت پٹرولیم نے نجی کمپنی کو ستمبر تک منصوبہ مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ ذرائع نے مزید بتایاکہ نجی کمپنی کے ساتھ وزارت پٹرولیم کے معاہدہ کے تحت ایل این جی کی درآمد میں دسمبر تک توسیع کی جاسکتی ہے ۔