مون سون بارشوں سے شہر میں ملیریا اورڈینگی پھیلنے کا خدشہ ہے‘ ایاز موتی والا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی تاجرالائنس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ایازمیمن موتی والا نے کہاہے کہ مون سون کے دنوں میں کراچی کی معروف شاہراہوں اور مختلف علاقوں میںپرگندگی کے ڈھیر لگے ہونے کی وجہ سے خطرناک بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے ،چکن گونیاکا مرض کراچی میں حکومتی لاپرواہی کے سبب پھیلا مون سون کا سیزن شروع ہونے والا ہے گندگی سے اٹے علاقوں میں بارشوں کا پانی گھروں میں گھس کر عوام کا جینا محال کردے گا، جبکہ ندی نالوں میں موجود کچرے کا ڈھیر شہر قائد میں سیلابی صورتحال پیداکرسکتاہے۔ ڈی ایچ اے آفس میں تاجر الائنس کے اجلاس کی صدار ت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو عوام سے کوئی لینا دینا نہیں چکن گنیا کا علاج مہیا کرنے کی بجائے یہ لوگ عوام کی جانوں سے کھیل رہے ہیں ،جس کی وجہ سے چکن گنیا کے مریضوں میں اضافہ بڑھتا چلا جارہاہے جبکہ مون سون کے دنوں میں یہ عمل ملیریااور ڈینگی وائرس سمیت مزید نت نئی بیماریوں کو جنم دے سکتا ہے جس کے لیے ضروری ہے کہ حکومت اس سلسلے میں آگاہی مہم کا آغاز کرے اور اس کے ساتھ گندگی والے علاقوں سے کوڑا کرکٹ اٹھا کر اسپرے بھی کیا جائے تاکہ عوام بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں ۔