طالبہ خدیجہ حملہ کیس: مزید گواہوں کے بیانات طلب، روزانہ سماعت رکوانے کیلئے اپیل پر فیصلہ محفوظ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور کی مقامی عدالت نے قانون کی 22 سالہ طالبہ پر قاتلانہ حملے کے مقدمے میں مزید گواہوں کو بیانات ریکارڈ کرانے کیلئے بیس جون کو طلب کر لیا ہے۔ کینٹ کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر اعوان نے مقدمہ کارروائی شروع کی تو متاثرہ لڑکی خدیجہ صدیقی اپنی سات سالہ بہن کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئیں۔ عدالت نے استغاثہ کے گواہوں کے بیانات مکمل ہونے پر مزید گواہوں کو بیان ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کر لیا۔ دوسری جانب حملے کے مقدمے کی روزانہ سماعت رکوانے کیلئے ملزم کی طرف سے دائر انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے ملزم شاہ حسین کی اپیل پر سماعت کی جس میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ کی جانب سے مقدمہ پر لیے انتظامی نوٹس کو چیلنج کیا گیا ہے۔