بی جے پی کا نیا ڈرامہ‘ بہار کے دلت گورنر کو بھارت کی صدارت کیلئے امیدوار بنانے کا اعلان
نئی دہلی (صباح نیوز) بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) نے نچلی ذات کے دلت ہندوئوں کو لُبھانے کیلئے ایک دلت رہنما کو بھارت کا نیا صدر نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے پیر کو نئی دہلی میں صحافیوں کو بتایا کہ پارٹی کے پارلیمانی بورڈ نے دلت رہنما اور ریاست بہار کے گورنر رام ناتھ کووند کی جمہوریہ کے صدر کی حیثیت سے نامزدگی کی توثیق کردی ہے۔71 سالہ رام ناتھ پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں جو بہار کے گورنر بننے سے قبل دو بار بھارتی پارلیمان کے ایوانِ بالا راجیہ سبھا کے رکن اور بی جے پی کے دلت یونٹ کے سربراہ بھی رہے ہیں۔ بھارت میں صدر کا عہدہ بڑی حد تک نمائشی ہے جسے مرکزی اور ریاستی قانون ساز اسمبلیوں کے ارکان منتخب کرتے ہیں۔ بھارت کے موجودہ صدر پرناب مکھر جی کے عہدے کی مدت 24 جولائی کو مکمل ہورہی ہے۔