پیپلز پارٹی کے رہنما سردار لطیف کھوسہ کا وفد کے ہمراہ شہر اعتکاف کا دورہ طاہرالقادری سے ملاقات
لاہور (خصوصی نامہ نگار )ڈاکٹر طاہر القادری نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت کا حق ادا کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے منہاج القرآن کے زیر اہتمام 23 ویں شہر اعتکاف کے دورہ کے موقع پر سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہر القادری سے ملاقات کے دوران کیا، اس موقع پر سینئر قانون دان احمد رضا قصوری، ڈاکٹر اجمل نیازی اور پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت بسرا بھی موجود تھے، رہنمائوں نے شہر اعتکاف کا دورہ کیا اور روزہ سربراہ عوامی تحریک کے ہمراہ افطار کیا۔ احمد رضا قصوری نے کہا کہ اللہ کے دین کیلئے ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں کو جمع کرنا اور ان کو زندہ رہنے کا سلیقہ سکھانا ڈاکٹر طاہر القادری کی بہت بڑی خدمت ہے۔ ڈاکٹر اجمل نیازی نے کہا کہ شہر اعتکاف کا منظر دیکھ کر ایمان تازہ ہو گیا۔ شوکت بسرا نے کہا کہ میں پہلی بار منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں آیا ہوں میرا دل چاہ رہا ہے میں بھی معتکف ہو جائوں۔