خواتین کو قومی دھارے میں آنے کیلئے پیشہ ورانہ مہارتیں حاصل کرنا ہونگی: فوزیہ وقار
لاہور(لیڈی رپورٹر) پنجاب کمیشن برائے حقوق خواتین کی چیئرپرسن فوزیہ وقار نے کہا ہے کہ فیصلہ سازی میں فعال کردار ادا کرنے کی خاطر خواتین کو جدید دور کی انتظامی و پیشہ وارانہ مہارتوں پر مکمل دسترس حاصل کرنا ہو گی جبکہ نئے رجحانات کو سمجھنے اور عمل پیرا ہو نے سے حقیقی معنوں میں با اختیار ہونے کے مواقع بڑھ سکتے ہیںاور اس سے ادارے بھی مستحکم ہوں گے۔وہ گزشتہ روزــ ویمن ان لیڈرشپ پراجیکٹ اور انسٹیٹوٹ آف چاٹرڈ اکائونٹنٹس آف پاکستان کے اشتراک سے جاری چار روزہ ڈائریکٹرز ٹریننگ پروگرام کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہی تھیں ۔ورکشاپ میںسرکاری و نجی شعبوں سے دس خواتین ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ ٹریننگ کے دوران مختلف سیشنز حکمت عملی کی تشکیل اور اطلاق‘ فنانش مینجمنٹ‘ پائیدار رپورٹنگ‘ متعلقہ پارٹیز سے روابط اور آڈیٹرز کے ساتھ ابلاغ‘ بورڈ اور قانونی تعمیل سمیت بورڈ کی کارکردگی جیسے اہم موضوعات پر مشتمل تھے۔