احتساب کے نام پر شریف خاندان کا میڈیا ٹرائل پی ٹی آئی کی انتخابی مہم ہے
شیخوپورہ(نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے سٹی جنرل سیکرٹری ہ میاں منور اقبال نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کے ساتھ ساتھ ججوں اور جرنیلوں اور جر نلسٹوں کا بھی احتساب ہونا چاہئے احتساب کے نام پر شریف فیملی کا میڈیا ٹرائل تحریک انصاف کی انتخابی مہم ہے سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی آصف علی زرداری پرویز مشرف معین قریشی اور شوکت عزیز کا بھی احتساب کریں یا پھر قوم کو بتائیں کہ شریف فیملی کے احتساب کے پیچھے کون سا ایجنڈا شامل ہے وزیر اعظم محمد نواز شریف کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی قانون کی حکمرانی کی نئی تاریخ رقم کر دی پانامہ لیکس کیس کی تحقیقات کے لئے سپریم کورٹ کی جانب سے بنائی گئی جے آئی ٹی میں پہلے محمد نواز شریف کے دونوں صاحبزادے پیش ہو چکے ہیں اور اب وزیراعظم نے بذات خود جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو کر ثابت کر دیا کہ قانون سے بڑھ کر کچھ نہیں ، نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے میاں منور اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور اس کی قیادت نے ماضی میں بھی عدالتوں سے بھرپور تعاون کیا ہے اور اس مرتبہ بھی جے آئی ٹی سے مکمل تعاون کر رہی ہے۔ تحریک انصاف اور اس کے قائد عمران خان کی شروع دن سے یہ کوشش رہی ہے کہ کسی نہ کسی طرح ملک میں جمہوری حکومت کا خاتمہ کر کے اقتدار کے ایوانوں تک رسائی حاصل کریں اور ان مقاصد کے حصول کے لئے انہوں نے دھرنوں اور اسلام آباد کو لاک ڈائون کرنے جیسے ہتھکنڈوں کا بھرپور سہارا لیا جس کو عوام نے ہر مرتبہ ناکامی سے دوچار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کے خاندان پر پانامہ لیکس کی پاداش میں لگائے گئے تمام الزامات غلط ثابت ہوں گے اور وزیراعظم محمد نواز شریف اپنے اس وژن کی تکمیل کریں گے جس کے تحت وہ ملک میں تعمیر و ترقی کا ایک تاریخی دور شروع کئے ہوئے ہیں۔