آئندہ انتخابات میں شریف خاندان کے ساتھ زرداری کو بھی شکست دیں گے: عمران خان
کراچی (نیوز رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سندھ میں ریکارڈ کرپشن ہے آئندہ الیکشن میں شریف خاندان کے ساتھ ساتھ زرداری کو بھی شکست سے دوچار کریں گے جن ملکوں کے ادارے ٹھیک ہوتے ہیں وہی ملک ترقی کرتے ہیں‘ پاکستان کے سسٹم کو کرپشن ڈی ریل کر رہی ہے یہ باتیں انہوں نے تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔ اس موقع پر مرکزی سینئر رہنما عمران اسماعیل، فردوس شمیم نقوی، علی زیدی ، انجینئرنجیب ہارون، حلیم عاد ل شیخ، خرم شیر زمان، الیاس شیخ ، دوا خان صابر، زنیرہ ملک، ملک شہزاد اعوان اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔ عمران خان نے مزید کہا کہ ملک میں کرپشن کا ٹیلنٹ خوفناک ہے ۔ اربوں روپے سالانہ بیرون ملک منتقل ہو رہے ہیں ۔ شریف خاندان کا شہزادہ لندن میں ساڑھے چھ سو کروڑ روپے کے فلیٹ میں رہتا ہے۔ شریف خاندان منی ٹریل دینے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ ایک سوا ل کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ کے ترقیاتی کاموں کے نام پر کاغذوں میں 90 ارب روپے ظاہر کئے گئے لیکن خرچ کچھ نہیں ہوا پورا سندھ موئن جو دڑو کا منظر پیش کر رہا ہے ۔ سندھ میں تعلیم اور صحت کا نظام تباہ ہو چکا ہے۔ سندھ کے نوجوانوں کا کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ آصف زرداری کی سرپرستی میں سند ھ کے وسائل پر ایک کرپٹ ٹولہ قابض ہو چکا ہے جو دونوں ہاتھوں سے سندھ کے وسائل لوٹ رہا ہے آج سندھ کا نوجوان روزگار کے حصول کے لئے دربدرکی ٹھوکریں کھا رہا ہے۔ انشاءاللہ آئندہ عام انتخابات میں شریف خاندان کے ساتھ ساتھ سندھ میں لوٹ مار کرنے والے آصف زرداری کو بھی شکست سے دوچار کریں گے۔ جب کرپٹ ٹولہ پابند سلاسل ہوگا اور ان کا لوٹا ہوا پیسہ ملک میں واپس آئے گا تو پورا ملک اس وقت ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ شریف خاندان اور زرداری خاندان کے ہوتے ہوئے پاکستانی قوم خوشحال اور ترقی یافتہ نہیں ہو سکتی ۔ ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ پاکستانی قوم میں ہر قسم کا ٹیلنٹ موجود ہے ۔ کرکٹ میں پالش کرنے والا نظام موجود نہیں ہے‘ کسی ملک میں وزیر اعظم کرکٹ بورڈ کا چیئرمین نہیں لگاتا۔ فخر زمان کی اچھی ایننگ پر خوشی ہوئی سرفراز سمیت پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ دریں اثناءپاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے فنگشنل لیگ کے رہنماءجان شیر جونیجو، کوٹری سے سابق صوبائی مشیر اور ایم کیو ایم کے رہنماپیر زمان شاہ جیلانی نے اپنے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف سندھ کے صدر ڈاکٹر عارف علوی کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ جان شیر جونیجو نے چیئرمین عمران خان کو میرپور خاص میں جلسے کی دعوت دی۔ اس موقع پر تحریک انصاف سندھ کے سینئر نائب صدر حلیم عادل شیخ، جاوید اعوان بھی موجود تھے۔ سکھر سے نامہ نگار کے مطابق سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی جاوید میمن نے بھی عارف علوی کے گھر پر عمران خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا ہے سندھ کے کرپٹ حکمرانوں نے ریکارڈ کرپشن کر کے سندھ کو تباہی کے کنارے پر پہنچا دیا‘ حکمرانوں نے عوامی مسائل کے حل کے بجائے اپنی تمام تر توجہ کرپشن کرنے پر مرکوز رکھی، سکھر سے قومی و صوبائی اسمبلی کے منتخب نمائندے سندھ میں حکمراں جماعت سے تعلق رکھتے ہیں اس کے باوجود سکھر کا موئن جو دڑو میں تبدیل ہونا حکمرانوں کی نااہلی کا واضح ثبوت ہے، آئندہ عام انتخابات میں سندھ کی عوام کو کرپٹ حکمرانوں سے نجات دلانے کیلئے پی ٹی آئی پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی اور سندھ کے شہریوں کو درپیش مسائل بہتر انداز سے حل کرائیں گے۔ ملاقات کے دوران حاجی محمد جاوید میمن نے عمران خان کوسکھر شہر کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کا تیسرا بڑا شہر اور اہم تجارتی مرکز سکھر منتخب نمائندوں اور حکمرانوںکی عدم توجہ کی وجہ سے مسائلستان بن چکا ہے، اربوں روپے کے فنڈز ریلیز ہونے کے باجود آج بھی سکھر کے شہری پینے کے صاف پانی کی فراہمی، صحت و تعلیم کی سہولیات کی فراہمی سے محروم ہونے کے ساتھ ساتھ ان گنت مسائل سے دوچار ہیں جس کے باعث سکھر کے شہری اب منتخب نمائندوں سے بیزار ہوچکے ہیں، شہر کی تاجر برادری اور سیاسی سماجی رہنما اپنے حقوق کے حصول کیلئے آواز بلند کر رہے ہیں، لیکن ارباب اختیار کے کانوں تک جوں تک نہیں رینگتی، سکھر شہر کے مسائل کے حل کیلئے اعلیٰ ایوانوں میں آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کرپٹ حکمرانوں سے بیزار ہوچکے ہیں اور وہ اپنے مسائل کے حل کیلئے اب پی ٹی آئی قیادت کی طرف دیکھ رہے ہیں،سندھ کے حکمرانوں نے عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے ریکارڈ کرپشن کر کے ملک اور بیرون ملک میں جائیدادیں بنائیں، آئندہ عام انتخابات میں ملک بھر کی طرح سندھ میں بھی پی ٹی آئی کی جانب سے بھرپور طریقے سے انتخابات میں حصہ لیا جائے گا تاکہ کرپٹ، نااہل حکمرانوں کا کڑا احتساب کر کے سندھ کے عوام کو ان کے جائز حقوق دلائے جا سکیں اس سلسلے میں جلد سکھر سمیت سندھ کے دیگر شہروںکو بھی دورہ کروں گا۔