پانامہ کیس، ریکارڈ میں ردوبدل کیا نہ ٹمپرنگ: چیئرمین ایف بی آر
ساہیوال (نامہ نگار) ایف بی آر کے چیئرمین ڈاکٹر محمد ارشاد نے انکشاف کیا ہے کہ پانامہ لیکس جے آئی ٹی کی طرف سے تحفظات، ریکارڈ میں ردو بدل اور ٹمپرنگ ایف بی آر کے کسی شعبہ نے نہیں کی تاہم جے آئی ٹی کی طرف سے ریکارڈ کی طلبی میں ایک دوروز کی تاخیر ضرو ر ہوئی تھی کیونکہ کراچی، لاہور اور دوسرے شہروں سے ریکارڈ منگوانا پڑا تھا اور تمام ریکارڈ جے آئی ٹی کو فراہم کردیا گیا تھا۔ ساہیوال ریجنل ٹیکس آفس کی تختی کی نقاب کشائی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاناما لیکس میں ملک بھر کے جن لوگوں کے نام آئے ہیں انکے کیس طلب کرلئے گئے ہیں۔ ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ ٹیکسیشن افسر کی آسامی پیدا کردی گئی ہے اور نئے مالی سال سے ڈسٹرکٹ ٹیکسیشن افسر کام شروع کردیگا۔ فیڈرل بورڈ آف ریو نیو نے گجرات اور لاڑکانہ میں بھی نئے ریجنل ٹیکس آفس بنانے کی منظوری دیدی ہے جبکہ ڈیرہ غازیخاں میں وفاقی سطح پر ایک بین الصوبائی رابطہ آفس قائم کیا جا رہا ہے جس میں بلوچستان ، پنجاب، صوبہ خیبر پی کے اور سندھ کے دو ، دو اضلاع کی نمائندگی ہوگی۔ ساہیوال کا ریجنل ٹیکس آفس ملک میں زرعی ٹیکس کی وصولی کے اہداف ملنے کے بعد بہت بڑا ریجن بن جائیگا۔ حکومت پٹواری سسٹم کو بتدریج ضم کر رہی ہے۔ لینڈ ریکارڈ کا کمپیوٹر رائزڈ کرنا اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ ساہیوال کے نئے ریجنل ٹیکس آفس کو ملتان آر ٹی او کے برابر فنڈز دیے جائینگے اورکمشنر ان لینڈ ریو نیو ساہیوا ل زون کے دفاتر میں تمام آسامیوں کی تعداد بڑھا کر 5گنا کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے نئے آر ٹی او ساہیوال کی 13کنال اراضی پر تعمیر کیلئے فنڈز فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ ریجنل چیف کمشنر ملتان سلیم رضا آصف چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری چوہدری عامر صدیق اور ٹیکس بار ایسوسی ایشن ساہیوال کے صدر شیخ سجاد نے نئے ٹیکس ریجنل آفس کے قیام کا خیر مقدم کیا۔
چیئرمین ایف بی آر