لیاری ایکسپریس وے کا دوسرا ٹریک اکتوبر میں مکمل کرلیاجائے گا‘گورنر سندھ
کراچی ( وقائع نگار)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ لیاری ایکسپریس وے کے رہ جانے والے1.4 کلومیٹر کے شمالی حصہ پر قائم تجاوزات کا خاتمہ خوش آئند ہے ،اکتوبر میں اس حصہ کے کی تعمیر ہونے سے لیاری ایکسپریس وے منصوبہ مکمل ہوجائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاری ایکسپریس وے کے دورہ کے دوران شمالی ٹریک کے تعمیراتی کام کے معائنہ اور ایف ڈبلیو کی ٹیم کی بریفنگ میں کیا۔ گورنر سندھ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ لیاری ایکسپریس وے کے رہ جانے والے1.4 کلومیٹر کے شمالی حصہ پر ضلع وسطی اور ضلع غربی کی انتظامیہ کے تعاون سے قائم تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا ہے ، منصوبہ کی تکمیل میں تجاوزات غیر معمولی تاخیر کا سبب بنی ، منصوبہ پر تیزی سے کام جاری ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے کے شمالی حصہ کی تکمیل سے شہریوں کو آمدو رفت کی بہترین سہولیات فراہم ہوں گی جبکہ شہر سے ٹریفک جام کے خاتمہ اور ٹریفک کے بہا? میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے کی تکمیل سے نہ صرف شہریوں کو متبادل راستہ دستیاب ہو گا بلکہ ان کے وقت اور ایندھن کی بچت بھی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ گرین لائن ،لیاری ایکسپریس وے اور ایم نائن کی تکمیل سے شہریوں کو آمدورفت کی جدید ترین سہولیات فراہم ہوں گی۔ محمد زبیر نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولیات کراچی کے شہریوں کا بھی حق ہے اس ضمن میں وزیر اعظم جلد کراچی کے لئے ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے،وفاقی حکومت تمام علاقوں کی یکساں ترقی کے وڑن کے تحت کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایف ڈبلیو او اور این ایچ اے نے منصوبہ کی تکمیل کے لئے بہترین مہارت کا مظاہرہ کیا ہے،کے فور اور لیاری ایکسپریس وے میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں پارٹنرہیں۔
گورنر سندھ