ضمنی انتخاب کرپٹ حکمرانوں کےخلاف ریفرنڈم ثابت ہوگا‘ انجینئر نجیب ہارون
کراچی(نیو ز رپو رٹر)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و نامزد امیدوار برائےPS-114انجینئر نجیب ہارون نے کہا ہے کہ اس حلقے کے عوام اس ضمنی انتخاب کو کرپٹ حکمرانوں اور مافیا کے خلاف ریفرنڈم بنا دیں گے۔ کیونکہ عوام با شعور ہو چکے ہیں ، ان شعبدہ باز سیاسی مداریوں کی چال سمجھ چکے ہیں ۔ ان کے جھوٹے اور من گھڑت بلند و بانگ دعوے ریت کا پہاڑ ثابت ہوں گے۔ یہ باتیں انہوں نے انتخابی مہم کے سلسلے میں محمود آباد ، منظور کالونی، دہلی کالونی میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔ اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان، سابق سینیٹر ہمایوں خان مندوخیل ، سیف الرحمان خان ، بلال غفار، اکبر موریجو، سرور راجپوت، امجدجاہ ، سبحان ساحل، کامران منہاس اور دیگر رہنماﺅں نے بھی خطاب کیا۔ نجیب ہارون نے مزید کہا کہ اس حلقے کے ضمنی انتخابات مستقبل میں کراچی کا سیاسی ماحول تبدیل کردے گا۔ تبدیلی کے اس سفر میں جوق در جوق لوگ شامل ہورہے ہیں ۔ 9جولائی کو حلقے کے مرد اور خواتین ووٹر اپنے گھروں سے نکل کر اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لئے اور اس شہر کی ترقی و خوشحالی کے لئے اپنا ووٹ تحریک انصاف کے نمائندے کے حق میں ضرور استعمال کریں ۔ انشاءاللہ پی ایس 114کے عوام کرپٹ سیاسی جماعتوں کو مسترد کردے گی ۔